وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو برطانوی غلامی سے آزادی حاصل کی۔ پاکستان کسی جرنیل نے نہیں بلکہ ایک عوامی لیڈر نے عوام کی طاقت سے حاصل کیا۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور اھل بیت پیغمبر کے ایام عزا میں سوگوار پاکستانی قوم یوم آزادی پر پاک وطن کی تعمیر و ترقی کا عزم دھراتی ہے۔
انہوں نے کہا مجلس وحدت مسلمین پاکستان محب وطن لوگوں کی جماعت نے جس نے اس ملک کے عزت و وقار پر کبھی سودا نہیں کیا۔ ہم قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے افکار کی روشنی میں اس ملک کو جدید ترقی یافتہ اسلامی فلاحی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو عناصر قائد اعظم کو کافر اعظم کہہ کر پاکستان کی جدوجہد آزادی کے مخالف تھے وہ ایک سازش کے تحت وطن عزیز پاکستان کی مسلم شناخت کو مٹا کر قائد اعظم کے پاکستان کو مسلکی ریاست میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ یہ پاکستان کی مسلم شناخت پر حملہ وطن عزیز پاکستان میں مسلکی تقسیم اور نفرتوں کا باعث بنے گا۔ پاکستان کے مقتدر اداروں کو چاہئے کہ وہ اس سازش کا حصہ بننے کی بجائے تکفیری گروہوں کی اس سازش کو ناکام بنائیں۔