ایم ڈبلیوایم کے تحت علامہ راجہ ناصرعباس کی اپیل پر ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا

14 October 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد)مظلومین و مجاہدین فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے اور غاصب اسرائیل کے بدترین مظالم کے خلاف قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حکم پر ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ملک کے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میںبعد نماز جمعہ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور جامع مساجد اور پریس کلبوں کے باہر مظاہرے منعقد کیئے گئے۔ شیعہ سنی علمائے کرام نے غاصب اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں کی مذمت اور مجاہدین فلسطین کی مکمل حمایت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں  بینرز ، پلے کارڈ اور فلسطینی پرچم تھامےہوئے تھے، پورے ملک کی فضاءامریکا اور اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، شہر شہر امریکی واسرائیلی پرچم نذرآتش، غیورپاکستانی عوام کا مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی خون کے آخری قطرے تک حمایت کا اعلان۔

 مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی احتجاجی ریلی جامع مسجد اثناءعشری جی سکس ٹو اسلام آباد سے نکالی گئی جس کی قیادت خود چیئر مین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کی ، علامہ باقرعباس زیدی نے کراچی ،علامہ علی اکبر کاظمی نے لاہور، علامہ اقتدار نقوی نے ملتان، علامہ جہانزیب جعفری نے پشاور، آغا علی رضوی نے سکردو، شیخ نیئرعباس نے گلگت، علامہ ظفرعباس شمسی نے کوئٹہ میں احتجاجی ریلیوں کی قیادت کی۔

حمایت فلسطین ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئےمقررین نے کہا کہ اللہ اور اسکے رسول ص کو وہ مسلمان چاہئیں جو مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف پوری استقامت سے کھڑے ہوں، اس وقت فلسطینی مظلوموں پر اسرائیل کی شکل میں ابراہا کا لشکر حملہ آور ہے، نوزائیدہ بچوں کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے، اگر امریکہ و برطانیہ اپنے بحری بیڑے اور رائل آرمی کے جہاز بھیج سکتے ہیں، تو امت مسلمہ کیوں نہیں ہمارا ملک بھی آگے بڑھ کر فلسطینی عوام کا ساتھ دے، جب پورے کا پورا یورپ اسرائیلی سفاکیت کے دفاع میں جمع ہو گیا ہے تو ہمارے حکمران مجرمانہ خاموشی کیوں اختیار کیئے ہوئے ہیں، یہ ڈرے ہوئے ہیں خوفزدہ ہیں، یہ الٹا فلسطینی عوام کی مرضی کے برخلاف دو ریاستی حل کا راگ الاپنے پر لگے ہیں، گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناکام ہوتے دیکھ کر اب نارملائزیشن کی شکست خوردہ خواہش کا اظہار کیا جا رہا ہے، تمام اہل اسلام کو چاہیے کہ آپ سب مظلوم فلسطینیوں کی مالی، سیاسی اور اخلاقی مدد کریں یہ ہم سب کا دینی اور شرعی فریضہ ہے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما سید ظہیر عباس نقوی نے کہا کہ دنیا اس وقت دو بلاکوں میں تقسیمِ ہو چکی ہے، ہمارے ملک کو بھی واضح طور پر فلسطینی مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، جو کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولی موقف بھی تھا، فلسطینی مزاحمت کی تحریک شجاعت کے ساتھ اسرائیلی درندگی کا مقابلہ کر رہی ہے، اسرائیل کا ناقابل تسخیر ہونے کا دعویٰ خاک میں مل چکا ہے، فتح حق کی ہو گی فلسطین کے نہتے عوام سرخرو ہونگے، شکست اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کا مقدر ٹھہرے گی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree