وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے بدین میں نفرتوں کے سوداگر فرقہ پرست ملا آغا جان سرھندی کی جانب سے اہل تشیع کے خلاف گستاخانہ تقریر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول اور ہفتہ وحدت اتحاد بین المسلمین کے موقع پر فرقہ پرست ملا آغا جان سرھندی نے شیعہ مسلمانوں کے خلاف شرانگیز گفتگو کرتے ہوئے انہیں قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔ لہٰذا اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے مطالبہ کیا کہ بدین شہر کے مرکزی چوک پر ہونے والی شرانگیز تقریر کے خلاف فی الفور ایف آئی آر درج کی جائے اور شرپسند ملا کو جلد گرفتار کیا جائے۔
جلسہ کے مقرر ملا آغا جان سرھندی کے علاوہ جلسے کے بانی منتظمین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملا آغا جان سرھندی نے بدین ضلع کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس شرپسند ملا پر آئندہ ملک بھر میں تقریر پر پابندی لگائی جائے۔ ایسے اشتعال انگیز مقرر پر مستقل پابندی ضروری ہے، جو گستاخانہ گفتگو کرکے قتل و غارت کی سرعام دھمکیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی روز سے بدین کے مومنین سراپا احتجاج ہیں۔ ہم ان کے پرامن احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے بدین انتظامیہ اور سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس فتنہ پرست ملا کے خلاف فی الفور مقدمہ درج کرے، ورنہ اہل تشیع کی تشویش میں اضافہ ہوگا۔