وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد کی مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی سربراہی میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر بلوچ یکجہتی مارچ کے مظاہرین کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت اور جبری لاپتہ بلوچ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات۔
ایم ڈبلیوایم قائدین کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار، علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ آپ کا اور ہمارادکھ ایک جیسا ہے ہم بھی اپنے درجنوں بے گناہ جوانوں اور ساتھیوں کی جبری گمشدگی کا غم کئی کئی سال سے جھیل رہے ہیں ، اس جدوجہد میں ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کسی بھی شہری کو 90 دن سے زیادہ زیر حراست رکھنا خلاف آئین وقانون ہے، بلوچ عوام محب وطن ہیں ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے نا کہ نمک چھڑکنے کی۔
اس موقع پر مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری، صدر گلگت بلتستان آغا علی رضوی ، صدر وحدت یوتھ تصور علی مہدی ، مولاناعیسیٰ امینی ، ارشاد بنگش ودیگر بھی ہمراہ تھے۔