وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہنگو بائی پاس پارہ چنار کی مسافر گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے، واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، شہداء کے گھر والوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو کی ہے اور کہا ہے کہ ان جان لیوا واقعات کو نہ روکنا پورے علاقے کے امن وامان کو تہہ وبالا کرنے کا موجب بنتا ہے، آئے روز کی سنگین صورتحال نے عوام کا جینا اجیرن کر دیا ہے، عوام کی جان و مال کے محافظ پارہ چنار سے پشاور روڈ کو محفوظ بنانے میں ناکام ہیں، مسافر گاڑیوں پر تسلسل کے ساتھ حملے سیکورٹی فورسز کے لیے بہت بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی پارہ چنار کے محب وطن شہریوں پر بیرونی یلغار اور لشکر کشی کی جاتی ہے، کبھی تکفیری شدت پسند اور جنگجو حملہ آور ہوتے ہیں، راستوں کی سالہاسال بندش اور مسافر گاڑیوں پر جان لیوا حملے انتہائی تشویشناک اور کربناک ہیں، حکومت کی جانب سے آج تک ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار نہ کرنا انکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔؟ آخر یہ سب مکروہ کھیل کب رکے گا، پارہ چنار کی سنگین صورتحال علاقے کی حساسیت کے اعتبار سے انتہائی خطرناک ہے، جس پر غیر سنجیدہ رویہ اور عدم توجہی کسی صورت برداشت نہیں۔