وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اپیل کی ہے۔ انکی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصودعلی ڈومکی نے موسم بہار کی شجر کاری مہم کے موقع پر مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں پودا لگایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ درخت زمین کا حسن ہیں، جو ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عوام اور تنظیمی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ شجر کاری عبادت ہے۔ روایات میں درخت کاشت کرنے والے کے لئے بے پناہ اجر و ثواب کا ذکر ملتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ مسلمان کوئی درخت یا کھیتی لگائے، اس میں سے انسان، جانور یا پرندہ کھائے تو یہ درخت لگانے والے کے لئے صدقہ شمار ہوگا۔ علامہ مقصودعلی ڈومکی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران درخت لگائیں اور اس سلسلے میں محکمہ جنگلات، ضلعی حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں درخت بہترین سہارا ہیں، جو گرمی کی شدت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ماحول کی خوبصورتی اور پاکیزگی میں اضافے کا باعث ہیں۔