وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کوبانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے ۔
تفصیلات کےمطابق آج ایم ڈبلیوایم کی درخواست پر کیس کی دوسری سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی عدالت میں ہوئی جس میں چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اپنی وکیل ایمان زینب مزاری ایڈوکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سپریڈیڈینٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی کو حکم دیا ہے کہ وہ 11 مارچ بروز پیر درخواست گذار علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کو یقینی بنائیں۔
کیس کی سماعت کے بعد دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ہائی کورٹ آرڈر کے مطابق ہم سوموار والے دن عمران خان سے ملیں گے، ہمیں امید ہے کہ قانون پر عملدرآمد ہو گا اور ہماری ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اسدعباس نقوی،اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم، آصف رضا ایڈوکیٹ ودیگر رہنما بھی علامہ راجہ ناصرعباس کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔