وحدت نیوز(جیکب آباد)مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ کے زیر اہتمام شہدائے فلسطین خصوصاً حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کے شہید بچوں اور سردار زاہدی کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین کے 34 ہزار شہداء کا پاکیزہ خون رنگ لائے گا۔ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل معصوم اور بے گناہ انسانوں کے خون میں غرق ہو جائے گی جس طرح فرعون 70 ہزار بے گناہ انسانوں کو قتل کر کے دریائے نیل میں غرق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ کے مجاہدین کے مقابلے سے عاجز اسرائیل نے معصوم شہریوں اور بے گناہ انسانوں کے قتل عام کی ساری حدیں پار کی ہیں۔ اسرائیل نے حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے بیٹوں اور پوتوں کو شہید کر کے حماس کی قیادت کو جھکانا چاہا جس میں مکمل طور پر اسرائیل ناکام ہو گیا ہے۔ حماس کے لیڈر اور غزہ کے مظلوم عوام کی استقامت قابل صد تحسین ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما محمد عالم کاکڑ نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کرکے اسرائیل کو ذلیل و رسواء کیا۔ اسرائیل قابل شکست ہے یہ حماس حزب اللہ اور اسلامی جمہوریہ ایران نے ثابت کر دیا۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین ہزارہ ٹاؤن کے ذمہ داران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔