وحدت نیوز(اسلام آباد)وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں کوئٹہ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران تین شیعہ پولیس اہلکاروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے اور شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، انسداد پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر مامور دو ہزارہ برادری کے پولیس اہلکار سید مہدی اور شوکت حسین شہید ہوئے ہیں اور دوسری کاروائی اسپینی روڈ پر ہوئی جس میں پولیس اہلکار محمد جواد کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا ہے، خود کش دھماکوں کے ساتھ ہی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پارہ چنار کے اساتذہ اور ہزارہ قبیلے کے پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی خدشات کے باوجود تھریٹ والے علاقوں میں بھیجنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، حکومت وقت بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، حکومتی ٹولہ اپنے مفادات سمیٹنے میں مصروف ہے، ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے ٹھوس اور نتیجہ خیز کاروائی ہی اس ناسور سے نجات کا واحد حل ہے، دونوں صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات روز بروز بڑھ رہے ہیں، دہشتگردوں کا انکے سرپرستوں اور ٹھکانوں سمیت خاتمہ ملکی سالمیت کے لیے ناگزیر ہے، جن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔