وحدت نیوز(کراچی) 25رمضان المبارک مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس منایا جائے گاجمعتہ الوداع کو تاریخی یوم القدس منائیں گے،پاکستان کے غیور عوام ملک بھر میں نکالی جانے والی القدس ریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں ،حکو مت غزہ پر جاری صیہونی بربریت کے خلاف عالمی برادری میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے جمعتہ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے ،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اپیل پر ملک بھر میں دو ہزار سے زائد مقامات پر آزادی القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے وحدت ہاوس میں یوم القدس کے حوالہ سے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں علامہ نشان حیدر ،علامہ علی انور جعفری،علامہ مبشر حسن ،علامہ احسان دانش،علامہ صادق جعفری سمیت دیگر رہنما نے شر کت کی علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ غاصب اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور مسلم ممالک خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں فلسطین مسلمانوں کا دل ہے مسلم حکمرانوں کی غفلت سے مٹھی بھر صہیونیوں نے فلسطین پر قبضہ کر رکھا ہے اس حوالے سے حقوق انسانی کی تنظیموں اورعالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی امریکہ و اسرائیلی کا سہ لیسی ہے ان کاکہنا تھا کہ ہم غزہ پر اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعتہ الوداع کو پورے پاکستان میں یوم القدس کے طور پر منائیں گے، تمام مکاتب فکر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس دن گھروں سے باہر نکلیں اور اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کریں کہ فلسطینی تنہا نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے نہتے ہونے کے باوجود اسرائیل کے آگے سر نہیں جھکایا بلکہ ہمت اور مقاومت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ہم ان قوتوں کو بھی سلام کرتے ہیں جو غزہ کے مسلمانوں کی اخلاقی، مالی سمیت ہر لحاظ سے مدد کر رہے ہیں۔علامہ مختار امامی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 25رمضان المبارک جمعتہ الوداع یوم القدس کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کریں وفاقی حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منائے اور عام تعطیل کا اعلان کرے۔