وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے استعماری قوتیں اسلام دشمن ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مسلمانوں کے مابین نفاق کا بیج بورہی ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر سعودی عرب جو اتحاد بنانے جا رہا ہے اس کا مقصد انہی صیہونی عزائم کو تقویت دینا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا اس اتحاد میں پاکستان کے کردار سے لاعلمی کااظہار مضحکہ خیز ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان اور مشیر کے بیانات میں تضادحکومت کی مبہم خارجہ پالیسی اور انتظامی معاملات پر کمزور گرفت کو آشکار کر رہے ہیں۔حکومت کواس متنازعہ اتحاد میں دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہو گا۔ کسی بھی ایسے اتحاد کا حصہ بننا پاکستان کے مفادات میں قطعی نہیں جس کا مقصد اسلام ریاستوں کی تباہی ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے جن خطرات سے نبر دآزما ہے ان کو شکست دینے کے لیے پوری قوت سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ہم پاکستانی فوج کو کسی دوسرے ملک بھیجنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔امت مسلمہ کو اس وقت یہود و نصاری کی عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔تمام مسلم ممالک ذاتی وابستگی سے بالاتر ہو کر مسلم ریاستوں کی سالمیت اور بقا کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔