وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی معاون سیکرٹری تنظیم سازی علامہ محمد اصغر عسکری 4 روزہ دورہ جنوبی پنجاب مکمل ہوگیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی بھی تھے۔ علامہ اصغر عسکری نے اپنے دورہ کا آغاز ضلع میانوالی سے کیا، جہاں انہوں نے ہرنولی میں ضلعی کابینہ کی تقریب میں حلف برداری میں شرکت اور خطاب کیا، جبکہ وہاں تنظیمی مسئولین اور کارکنان کیساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بھی بات چیت کی۔ بعدازاں وہ ضلع بھکر پہنچے، جہاں ضلعی کابینہ کیساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر ضلع میں تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ضلع میں درپیش مشکلات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ انہوں نے اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء اور سابق امیدوار قومی اسمبلی احسان اللہ خان کو شیڈول فور میں ڈالنے کی شدید مذمت کی۔
دورہ کے اگلے مرحلہ میں علامہ اصغر عسکری اور عدیل عباس زیدی ضلع لیہ گئے، جہاں چوک اعظم میں عمائدین علاقہ اور آل پاکستان مسلم لیگ کے وفد نے ان سے ملاقات کی، جس کے بعد لیہ شہر میں تنظیمی ذمہ داران اور کارکنان کیساتھ اجلاس میں شریک ہوئے۔ بعدازاں انہوں نے ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقہ نتکانی اور بپی کا دورہ کیا، جہاں مقامی تنظیمی ذمہ داران اور مدرسہ فیض النجف کے پرنسپل اور مدرسین سے ملاقات کی۔ دورہ کے آخری روز علامہ اصغر عسکری نے ہمدانی میں شہداء اور اسیر کے خانوادے سے کی، اور ان کے مسائل سنے، جس کے بعد ڈیرہ غازی شہر میں علامہ اصغر عسکری نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا، اس موقع پر انہوں نے حالات حاضرہ اور ملکی و بین الاقوامی معاملات پر مجلس وحدت مسلمین کی پالیسی بیان کی۔ اپنے دورہ کے آخر میں علامہ اصغر عسکری اور عدیل عباس زیدی نے مظفر گڑھ میں ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام منعقدہ ‘‘استحکام پاکستان و امام مہدی (عج)‘‘ کانفرنس میں شرکت اور خطاب کیا۔