وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کے نتیجہ میں 13افراد کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی متعصبانہ طرز عمل کاواضح ثبوت ہے۔اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو بھارت کے ان سنگین جرائم کا نوٹس لینا چاہیے۔رمضان کے آغاز میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلا جانا بھارت کے مکروہ اور جارحانہ عزائم کا تسلسل اور بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کو واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت روکنے کے لیے پاکستان کے ساتھ سعودی عرب اور امریکہ کا ہم آواز نہ ہونا اس حقیقت کا عکاس ہے کہ ان دونوں ممالک کی دوستی خودغرضی اور ذاتی مفاد سے جڑی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے حقیقی دوستوں اور موقعہ پرستوں کی شناخت کی جا سکتی ہے۔بھارت سے جغرافیائی تنازعہ ہمیں اس بات کی قطعاََ اجازت نہیں دیتا کہ افغانستان اور ایران سے دوستانہ تعلقات کو سازشوں کی نذر کیا جائے۔مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور مستقل حل کے لیے عالمی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ مسئلہ کشمیر کا فیصلہ خطے کے عوام کی مرضی کے مطابق ہی ہونا چاہیے۔حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کے لیے مثبت کوششوں کا فورا آغاز کرے۔