وحدت نیوز(گوجرانوالہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے انجمن طلبائے اسلام پاکستان کے زیرِاہتمام فروغِ امن کنونشن میں’’امن کانفرنس‘‘ کے انعقاد پر اے ٹی آئی کی لیڈر شپ اور گوجرانوالہ کے مسئولین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا آپ سب عاشقانِ رسول کو دو موضوعات کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایک عید میلاد النبی (ص) کے مقدس مہینے کی مبارکباد اور دوسری پرچم ولایت نبی اکرم (ص) کی مبارکباد۔ شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ انجمن طلباء اسلام پاکستان کی پاک مٹی سے پیار کرنیوالی اور اولیاءاللہ سے پیار کرنیوالی تنظیموں میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جہاں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے کام کیا، وہاں انجمن طلبائے اسلام پاکستان نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم (ص) نے پوری دنیا میں امن کا پیغام دیا، رسول اکرم (ص) کے معجزوں میں سے اس سے بڑا معجزہ کیا ہوسکتا ہے کہ آج پورا ریاستی نظام اور تمام دہشتگرد گروہ جشن مصطفٰی (ص) کے جلوسوں کو محدود کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو پوری قوم لبیک یارسول اللہ (ص) کے پرچم اٹھائے سڑکوں پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ واحد پرچم ہے جس کے نیچے تمام مسلمان شیعہ اور سنی مل کر جمع ہیں۔ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک اس وقت ان ہاتھوں میں ہے جو شروع سے ہی پاکستان بنانے کے مخالف تھے، لیکن میں آج تمام دہشتگرد اور ملک دشمنوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ وہ اہلبیت (ع) اور رسول اللہ (ص) کے غلاموں کا مقابلہ نہیں کرسکتے، ہم اعتزاز حسن کی طرح اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر بتا دیں گے کہ ظلم اور باطل کو کیسے روکا جاتا ہے۔