وحدت نیوز(لاہور) تحریک اتحاد اتحاد امت مصطفیٰ ﷺکے تحت لاہورکے مقامی ہوٹل میں منعقدہ لبیک یا رسول ﷺاللہ کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری تربیت علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے لبیک یا رسول اللہ کانفرنس کا انعقاد انتہائی اہم ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ شیعہ سنی میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور ہم سب ملکی استحکام اور وحدت بین المسلمین کے لئے ایک پیج پر متحد ہیں،پاکستان کے اندر جو دہشت گردی ہو رہی ہے اس میں نہ کوئی شیعہ ملوث ہے اور نہ ہی سنی بلکہ کچھ تکفیری ٹولے موجود ہے جو ملک کے اندر انتشار اور تفرقہ بازی پھیلاتے ہیں، اپنی صفوں میں اتحاد کو قائم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم قرآن و اہلیبت کے دامن کو تھام لیں۔
قرآن نے دشمنوں کی نشاندہی کی ہے کہ یہود و نصاری کبھی ہمارے دوست نہیں ہو سکتے اسی طرح جو یہود و نصاری سے میل جول رکھتے ہیں وہ ان کے ایجنٹ ہیں اور یہی لوگ مسلمانوں کے درمیان تفرقہ بازی کو فروغ دیتے ہیں،اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری سیاست برادر اسد عباس نقوی، علامہ حسن ہمدانی اور دیگر صوبائی رہنما شریک تھے۔اس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان سمیت جمعیت علماء پاکستان نیازی ، مجلس تحفظ ناموس رسالت اور دیگر مذہبی تنظیموں کے رہنماوں نے شرکت کی۔