وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ آل سعود نے شیخ باقر النمر شہید کا قتل کرکے اپنی حکومت کے خاتمے کی الٹی گنتی شروع کردی ہے، صدام حسین اور معمر قذافی کی طرح آل سعود کا نام بھی ماضی کا حصہ بن جائے گا، پاکستانی حکومت 34 ممالک کے سعودی اتحاد میں شمولیت سے گریز کرے، اگر یہ اتحاد امت مسلمہ کیلئے ہے تو سب سے پہلے اسرائیل کیخلاف جہاد کا اعلان کرے۔ امام بارگاہ سامرہ نیو رضویہ سوسائٹی میں شہداء ملت جعفریہ اور آیت اللہ شیخ باقر النمر کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے منعقدہ مجلس ترحیم اور تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ بے گناہ، نہتے اور مظلوم مسلمانوں کے قاتل آل سعود قہر خداوندی کو دعوت دے رہے ہیں کیونکہ شیخ باقر النمر شہید جیسے عالم دین اور بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، انہوں نے ریاست پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آل سعود کی محبت میں شام ، یمن اور ایران کے خلاف جنگ میں شرکت کی خواہش مند ہیں انہیں جانے دیا جائے کیوں کے انہوں نے وہاں سے زندہ تو واپس آنا نہیں ہے، اس طرح پاکستان بھی سعودی بدکارشہنشائوں کے حمایتوں سے پاک ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید قوم کیلئے حیات کا درجہ درکھتا ہے اور ہم عہد کرتے ہیں کہ شہداء کے مشن اور مقاصد کو زندہ و جاوید رکھیں گے۔
اجتماع میں مولانا مرزا یوسف حسین، مولانا شیخ محمد نجفی، علامہ رضی جعفر نقوی، مولانا اکرام حسین ترمذی، علی حسین نقوی، سردار جام فیروز انڑ، صغیر عابد رضوی، سہیل مرزا، علامہ فرقان حیدر عابدی، ایس ایم نقی، سہیل شاہ، مولانا منور علی نقوی، مولانا عمران نقوی، مولانا قرۃ العین حیدر عابدی، خمار زیدی، مولانا خلیل احمد کمیلی، آغا مرزا طاہر علی حبیب، ڈاکٹر امتیاز حسین، انجینئر ایاز حیدر، شمس الحسن شمسی اور دیگر قومی و ملی شخصیات کے علاوہ ماتمی انجمنوں کے نمائندگان، اسکاؤٹس گروپس اور مساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز شریک ہوئے۔ بعد ازاں شہداء ملت جعفریہ اور آیت اللہ شیخ باقر النمر کے لئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی گئی۔