وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری تعلیم اور ممبرضلعی امن کمیٹی ڈاکٹر افتخار حسین نقوی نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سربریدہ جمہوریت کے سہارے ملک کو چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ کون سی جمہوریت ہے، جس میں عوام کو بنیادی حقوق تک حاصل نہیں۔ فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے رہنما کا کہنا تھا کہ سی پیک اور گوادر پورٹ منصوبے ہمارے وطن کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرحدوں کے اندر کچھ بھی برا کرنے والوں کے لئے کسی کو نرم گوشہ نہیں رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین سانحہ کوئٹہ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتی ہے اور عوامی شعور بیدار کرنے کی مہم جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بعد جس انداز میں نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا اور اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضرب عضب بھی شروع کر دیا گیا، اس سے قوم کی ہمت بندھی تھی کہ خطرے کی کوئی بات نہیں، لیکن نیشنل کو ایکشن پلان صرف ضرب عضب اور کراچی آپریشن تک محدود سمجھ لیا گیا اور صرف اس کی جزئیات پر عملدرآمد ہوا، اس لئے باقی ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔