وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے نائب صدر ڈاکٹر افتخار حسین نقوی نے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن باڈر پر افغانیوں کی اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت ہمارے خلاف دشمن کی منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہے، قوم دشمن کے ہر قسم کی سازش کیخلاف متحد ہے، ہم اس جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ بغیر کسی مصلحت پسندی کے دشمن ممالک خواہ کوئی بھی ہوں منہ توڑ جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے بانی امریکہ اسرائیل اور اس کے عرب اتحادی مشرقی وسطیٰ سے بدترین شکست کے بعد ان کرایے کے قاتلوں کو افغانستان منتقل کرنے میں مصروف ہیں، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں سابق اسرائیلی انٹیلیجنس چیف کے اعتراف کہ مشرق وسطیٰ میں ہم اور ہمارے اتحادی اپنے مرضی کی تبدیلی لانے میں ناکام ہوئے، یہ بیان ہمارے حکمرانوں اور خارجہ پالیسی سازروں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات ملکی سلامتی سے زیادہ اپنے تعلقات اور کاروباری روابط کا مضبوط بنانا ہے، اب بھی وقت ہے ہمیں اپنی خارجہ پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے ملکی سلامتی اور مفاد میں فیصلے کریں، بصورت دیگر دوست نما دشمن ہمیں ایک اور مشکل سے دوچار کرنے میں کامیاب نظر آرہے ہیں۔