وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر امریکہ کی جانب سے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی اور سویلین حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کیخلاف ملک بھر میں "یوم مردہ باد امریکہ" منایا گیا۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی گئیں۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں امریکی صدر کی ہرزہ سرائی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اس دھمکی کو پاکستانی عوام کی توہین قرار دیا گیا۔ لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد اور جماعت الدعوۃ کی سیاسی جماعت "ملی مسلم لیگ" کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء امریکہ مردہ باد اور امریکہ کا جو یار ہے وہ قوم کا غدار ہے کے نعرے لگاتے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے رہے۔ شدید گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں شہریوں نے احتجاج میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ مبارک موسوی اور سیکرٹری جنرل لاہور علامہ سید حسن ہمدانی نے کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و رکن شوریٰ عالی سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہیں، پوری دنیا اس بات سے واقف ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی استعماری طاقتوں کو دنیا بھر میں بدترین شکست کا سامنا ہے، ہم امریکہ کو ہرگز یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالے، امریکی صدر کی ہرزہ سرائی پر ہمارے نااہل حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے اور پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوائے چیف آف آرمی سٹاف کے کسی بھی ملکی ذمہ دار شخص نے امریکہ کو جواب نہیں دیا، کرپٹ حکمران کبھی بھی ملکی سلامتی اور قومی وقار کا دفاع نہیں کر سکتے، امریکہ اب سپر پاور نہیں رہا، شام، عراق، افغانستان میں اس کا غرور خاک میں مل چکا ہے، امریکہ اپنی ابدی موت مرنے کو ہے، ہم ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کو پاکستانی عوام کی توہین سمجھتے ہیں، پاکستان کے حکمران امریکہ کے سامنے ڈٹ جائیں، امریکی صدر نے پاکستان کے غیور عوام کی توہین کی ہے، اس کا ازالہ یہ ہے کہ امریکن سفیر اور اس کے عملے کو ملک بدر کیا جائے، امریکی ویت نام، لبنان اور عراق میں اپنے حشر کو یاد رکھیں۔
علامہ مبارک موسوی نے کہا کہ امریکی سن لیں، ہم نے شام، عراق، ایران، افغانستان، لبنان میں تمھیں شکست دی اور تمھارا غرور خاک میں ملایا، اب اگر پاکستان کی طرف کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو ہم پاکستان کی سرزمین امریکیوں کیلئے قبرستان بنا دینگے، پاکستان کے بزدل حکمران امریکی کاسہ لیسی چھوڑ کر قومی غیرت و حمیت کا دفاع کریں، قوم کا بچہ بچہ مادر وطن کی دفاع کیلئے سربکف تیار ہے، ہم امریکہ اور انڈیا کی اس سازش سے بخوبی آگاہ ہیں، پاکستان میں معاشی ترقی کو دیکھ کر انڈیا اور امریکہ پاگل پن کا شکار ہے، امریکہ اور انڈیا شام اور عراق سے داعش کو لے کر افغانستان منتقل کر رہا ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ان ناسوروں کے مقابلے کے لئے تیار رہیں۔
احتجاجی مظاہرے سے ضلع لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا امریکہ کو ہم یاد دلاتے ہیں کہ ہم خیبر شکن کے ماننے والے ہیں، سرزمین پاک کی طرف ہم کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دینگے، امریکہ اور اس حواری دنیا بھر میں رسوا ہو چکے ہیں اور ان شاءاللہ سرزمین پاک سے بھی ہم امریکہ کے ناپاک وجود کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، دنیا بھر میں انسانیت کے سب سے بڑے دشمن امریکہ اسرائیل، انڈیا اور ان کے حواری ہیں، جو بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں، پاکستانی حکمرانوں پر لعنت ہے جو امریکہ کی دھمکی کا جواب نہیں دے سکے، وقت آگیا ہے کہ ہم امریکن بلاک کو خیر باد کہہ دیں، مظاہرین نے امریکی پرچم اور ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویریں بھی نذر آتش کی۔ اس موقع پر فضا مردہ باد امریکہ کے نعروں سے گونجتی رہی۔