وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید حسن کاظمی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے میٹرو منصوبے میں کرپشن کے ریکارڈز بنائےہیں جو بہت جلد عوام کے سامنے آ جائیں گے۔ ملتان میٹرو سمیت اورنج ٹرین منصوبےمیں کمیشن کھایا گیا اور عوامی پیسہ لوٹ کر شریف خاندان کے خزانےبھرے گئے جن کا جلد حساب کیا جائے گا۔ شہباز شریف بھی بڑے بھائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بہت جلد میٹرو کرپشن اسکینڈل میں دھر لیئے جائیں گے جس طرح سابق نا اہل وزیر اعظم پاناما میں بے نقاب ہوئے۔
سید حسن کاظمی کا کہنا تھا کہ جو شریف خاندان کے خلاف حق گوئی کرے اسے غائب کر دیا جاتا ہے جس کی فیصل سبحان تازہ مثال ہے جس نے شہباز شریف کی کرپشن کے خلاف گواہی دی جس کے بعد اسے غائب کر دیا گیا۔ حسن کاظمی کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کا خاندان الگ الگ مال بنارہے ہیں جب کہ 14 ارب کی کرپشن کرنے والے احد چیمہ کے لیے ساری بیوروکریسی کو کھڑا کردیا گیا تاکہ اداروں کو کمزور کیا جاسکے جو کہ کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔