وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نقوی پنجاب نے کہا ہےکہ احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی کا احتجاج اور کام چھوڑنا انتہائی تشویش ناک عمل ہے جس کو فوری طور پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔ نیب کی جانب سے احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب میں کرپشن کے مگر مچھ خوف میں مبتلا ہیں کیوں کہ نیب کا اگلا ہدف کرپٹ بیوروکریٹ اور سیاستدان ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پوری دنیا کو معلوم ہے کہ احد چیمہ شہباز شریف کے فرنٹ مین کے طور پر کام کرتے رہے ہیں اسی لیے احد چیمہ کی گرفتاری نے شہباز شریف کو شدید خوف میں مبتلا کر رکھا ہےکہ کہیں وہ شہباز شریف کے کرپشن ریکارڈ سامنے نہ لے آئیں ۔ اگرپنجاب میں بھی نیب اسی طرح غیر جانبداری سے کام کرتی رہی تو بہت جلد ریکارڈز کو جلانے والوں کی کرپشن بھی کھل کر عوام کے سامنے آ جائے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا رویہ غیر جمہوری ہے ، پنجاب میں شہباز شریف کی کوشش ہے اداروں کو کمزور کیا جائے جب کہ پنجاب کی بیورو کریسی میں بغاوت کرائی جارہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار نقوی کاکہنا تھا کہ ادارے ختم ہوجائیں تو ملک کمزور ہوجاتا ہے، پنجاب کی بیوروکریسی میں 14 سے 15 ایم این ایز کے بھائی بھتیجے ہیں، ان کی مدد سے پنجاب کی بیوروکریسی میں بغاوت کروائی جارہی ہے، ان کو ڈر ہے کہ شہباز شریف بھی چلے گئے تو ان کا کیا بنے گا۔