وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے دیگر علاقوں میں آنیوالے زلزلے سے ہونیوالی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کرے۔
انہوں نے پاک فوج، انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے متاثرین کی فوری امداد کو بھی سراہا۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ جانی و مالی نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں، زلزلہ سے قیمتی جانوں کے نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور مرحومین کی بلندی درجات کیلئے دعاگو ہیں۔
علامہ اسدی نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ اپنے متاثرہ بھائیوں کیلئے جوکچھ کر سکتے ہیں کریں، زلزلہ ایک قدرتی آفت ہے اور اس حوالے سے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں جہاں وہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔