وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا، دارلحکومت اسلام آباد، کراچی، ملتان، پشاور ، مظفرآباد سمیت پنجاب بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، پنجاب کی مرکزی ریلی یکجہتی فلسطین ریلی ڈیوس روڈ سے پریس کلب لاہور تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی اور صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور نجم خان نے کی۔
ریلی کے شرکاء نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی کے اختتام پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا پتلا اور اسرائیلی پرچم نذرآتش کیا گیا، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مظلوم عوام گذشتہ ایک صدی سے عالمی استکباری قوتوں کی شیطانی سازشوں کے نشانے پر ہیں۔جس طرح فلسطین کی مقامی آبادی کو دربدر کرکے بیرونی غاصبوں اور قابضوں کو فلسطین کی سرزمین پر بسایا گیا، وہ تاریخ انسانی کا شرمناک باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ تحریک آزادی فلسطین کی حمایت کی ہے۔ ہم غاصب اسرائیل کو نہ کبھی تسلیم کریں گے، نہ ہی کسی خائن کو اسرائیل تسلیم کرنے دیں گے۔ غاصب اسرائیل کو تسلیم کرنے والے خائن ہیں۔ جنہوں نے تحریک آزادی فلسطین کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے اور اپنے چہروں پر خیانت کی کالک ملی ہے، ان کا جرم ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے دیرینہ مسائل ہیں۔ تحریک آزادی فلسطین سے خیانت کرنے والے کبھی بھی تحریک آزادی کشمیر کے ہمدرد نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دعا انبیا کرام علیہم السلام کا اسلحہ ہے۔ لہذا مومنین مشکل حالات میں اللہ تعالی کی نصرت کے لئے دعا کا سہارا لیتے ہیں۔ عالم اسلام کو چاہیے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو اپنی نیک دعاں میں ضرور یاد رکھیں۔ ریلی میں علامہ تصور مہدی ، علامہ جواد موسوی ، علامہ وقار الحسنین نقوی، علامہ ظہیر الحسن کربلائی ، ایڈووکیٹ اسد نقوی ، سید زین رضوی اور اخلاق جعفری سمیت دیگر موجود تھے۔