وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب نے لاہور کابینہ کےتعاون سے 9 مارچ بمطابق 20جمادی الثانی کوامام بارگاہ حسینہ ریلوے واشنگ لائن میں جشن ولادت باسعادت حضرت فاطمہ ؑ منانے کا اعلان کیا ہے ، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان سمیت شہر بھر کے مختلف علاقوں سے لوگ شرکت کریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین نے اس تقریب کو جشن کوثر کا نام دیا جس میں دختر رسول ﷺ جناب سیدہ فاطمہ ؑ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی جائے گی ۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری خصوصی شرکت اور تقریب کے شرکا سے خطاب کریں گے۔ ایم ڈبلیو ایم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تقریب کے اختتام پر شرکا کے لیے قرعہ اندازی کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے گا جس میں ایک خوش نصیب کو بذریعہ قرعہ اندازی مشہد مقدس کا ٹکٹ بھی دیا جائے گا۔