وحدت نیوز (ٹوبہ ٹیک سنگھ) مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی شوریٰ کا اجلاس مرکزی امام بارگاہ جھنگ روڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی کی زیر صدارت منعقد ہو ا ۔ منعقدہ اجلا س میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے امام بارگاہوں کے متولیان ، انجمنوں اور ٹرسٹ کے عہداداران ، ماتمی سنگتوں کے نمائندگان اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس سے تحصیل سیکرٹری جنرل برادر رانا نعیم عباس الحسینی ، مولانا محمد حسین جعفری ، رانا فداحسین ایڈووکیٹ ،سید سجاد حسین کاظمی ، سید کوثر حسین شاہ نے خطاب کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبد الخالق اسدی نے کہا کہ عزاداری سیدالشہدء کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ماہ محرم الحرام میں مقامی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کیا جائے گا ااور جہاں کہیں بھی ملت جعفریہ کو مسائل درپیش ہوں گے انہیں باہمی اتحاد و یک جہتی کے ذریعے حل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عزاداری امام حسین ؑ ہمارا بنیادی اور آئینی حق ہے جس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، اس وقت ملت جعفریہ کی نشاۃ ثانیہ کا دور ہے اور پوری دنیا میں شیعت عالم اسلام کی رہنماء اور رہبر کے طور پر اُبھر کر سامنے آئی ہے تکفیری طالبان ، القاعدہ ، داعش اور لشکر جھنگوی وغیرہ پوری دنیا میں نفرت کا نشان بن کر رہ گئے ہیں ۔ لہذا اب وقت ہے کہ شیعیان اہل بیت اپنی فعالیت کے ذریعے سے مذہب تشیع کو استحکام بخشے ۔