وحدت نیوز(کراچی ) ایس ایس پی چوہدری اسلم پر حملہ قابل مذمت ہے، حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس نظر آتی ہے،جب تک دہشت گرد گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی نہیں ہو گی ، کسی کی جان مال محفوظ نہیں ہو گی،طالبان اور کالعدم جماعتیں اپنے مخصوص ایجنڈے کے تکمیل کے لئے ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کا سہارا لے رہے ہیں ،چوہدری اسلم کے قتل میں طالبان کے ساتھ ان کی ہمدرد سیاسی جماعتیں بھی برابرملوث ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے وحدت ہاؤس کراچی سے جاری اپنے مذمتی بیان کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں ظالمان مائنڈ سیٹ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے ظلم و بربریت کا سہارا لے رہا ہے، ان دہشت گردوں سے نہ ہی عام شہری محفوظ ہے نہ ہی کوئی اعلیٰ افسر ، نہ ہی مسجد محفوظ ہے نہ ہی امام بارگاہ، افسوس ناک بات یہ ہے کہ ہمارے خفیہ ادارے بھی ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد جمع کر نے میں کامیاب نظرنہیں آتے ہیں ،پاکستان کو عالمی سطح پر خطرناک ملک قرار دلوانا ان عناصر کا بنیادی ہدف ہے ،ملک کی اہم شخصیات ، اعلیٰ فوجی و سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم ایک فرض شناس اور نڈر پولیس آفیسر تھے ، جنہوں نے طالبان دہشت گردوں کے خلاف متعدد کامیاب کاروائیاں مکمل کیں ، لیکن عوام کی جان و مال کے تحفظ کا یہ ذمہ دار آج خود دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گیا، صوبائی حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ اس فرض شناس اور بہادر پولیس آفیسر کے خون کو ضائع ہو نے سے بچایا جائے ، چوہدری اسلم کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لئے اپنی تمام تر ذمہ داریوں کا بروئے کار لائیں ۔