وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع شکارپور کے شہر مدیجی، لکھی غلام شاہ، ترائی اور جاگیر شیخ کا تنظیمی دورا کیا۔ اس موقع پرانہوں نے مدیجی اور ترائی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ اس وقت ایک مشکل دور سے گذر رہی ہے، دہشت گردوں نے اب سرزمین سندہ کا رخ کیا ہے۔ شکارپور اور جیکب آباد کے سانحات، شہداد کوٹ اور خیرپور سمیت سندہ بھرمیں دھشت گردوں کے تربیتی مراکز اور سہولت کار حکومت اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ غفلت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان حالات میں ملت کی نمائندہ جماعت مجلس وحدت مسلمین نے ملت کی ذمہ دار شخصیات، علمائے کرام، خانوادہ شہداء، قومی تنظیموں کے نمائندگان ،ماتمی انجمنوں اور نوحہ خوانوں سے قومی صورتحال پر مشاورت کے حوالے سے اہم اجلاس بلایا ہے ، صوبائی سطح پر تحفظ عزاداری اور پیغام کربلا کانفرنس ۱۸ ستمبر کو منعقد کی جارہی ہے ، جس میں علمائے کرام ، ماتمی انجمنیں اور برادر تنظیمیں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں موجود دھشت گردی کے مراکز اور ٹریننگ کیمپس کے خلاف آپریشن کلین اپ کا آغاز کرے۔وزیر اعلیٰ سندہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ اس موقع پر سابق ضلع نائب ناظم تقی عباس خان کماریو نے علامہ ڈومکی سے ملاقات کی۔