وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماؤں علامہ علی انور جعفری اور علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں تکفیری دہشت گردوں کیخلاف فوجی آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے، شکار پور امام بارگاہ میں خودکش حملہ آوروں کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ماضی میں بھی شکار پور میں بھی ہونے والے خودکش حملوں کو فراموش کرچکی ہے، اگر گذشتہ دھماکوں کا نوٹس لے کر سندھ بھر میں فوجی آپریشن کیا جاتا تو آج دہشت گردوں کو یہ ہمت نہ ہوتی۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ سندھ کی سرزمین اولیاء کی سرزمین ہے، قلندر کی سرزمین کو دہشت گردوں کے لئے آسان ہدف بنانے والے سیاسی سہولت کاروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔