وحدت نیوز (جیکب آباد) قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر مجلس وحدت مسلمین جیکب آباد کے زیر اہتمام بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی سالگرہ کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا عنوان تھا (ہمیں قائد اعظم ؒ کا پاکستان چاہیئے) تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ نبی خدا، حضرت عیسیٰ ؑ عالم انسانیت کے عظیم رہبر ہیں ،جنہوں اعلیٰ انسانی قدروں کو زندہ کیا، اللہ کی عبودیت و بندگی، عفو و درگذر،انسانیت کی خدمت اور اصلاح معاشرہ ان کی تعلیمات کا حصہ ہے۔ دو ہزار سال کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود آج بھی ان کی عظیم تعلیمات، عالم انسانیت کا عظیم سرمایہ ہے۔ دنیا بھر میں موجود پیروان حضرت عیسیٰ ؑ کو ان کا یوم ولادت مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ بر صغیر کے عظیم مدبر رہنما تھے، جنہوں نے انتھک جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کی بنیاد رکھی اور قوم کو انگریز کی غلامی سے نجات دلائی اپنی سچائی اور کردار کی بلندی کے باعث، آج بھی پوری قوم اپنے محبوب قائدسے بے لوث محبت کرتی ہے۔ قائد اعظم ؒ کو کافر اعظم کہنے والے آج بھی قائد کے پاکستان کے لئے خطرہ ہیں ،جنہوں نے دھشت گردوں کے لشکر تیار کئے اور عوام کا قتل عام کیا۔ پاک فوج اور پولیس کے جوانوں پر دھشت گرد حملے کئے ان تکفیری دھشت گردوں سے آج بھی قائد کے پاکستان کو خطرہ ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنما علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی و دیگر نے خطاب کیا اس موقع پرقائدؒ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ آخر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔