وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی افسوس ناک ہے ریاستی ادارے دھشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کاروائی کریں۔ دوغلی پالیسی کے سبب دھشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ کوئٹہ کے ہزارہ شیعہ گذشتہ بیس سال سے دھشت گردوں کے نشانے پر ہیں مگر مٹھی بھر دھشت گردوں کے آگے ریاستی ادارے بے بس نظر آتے ہیں دھشت گرد گروہوں کی بیرونی امداد روکنا ضروری ہے۔ بدنام زمانہ دھشت گرد تنظیم داعش نے کوئٹہ سانحے کی ذمہ داری قبول کی ہے اس دھشت گرد تنظیم کا پاکستان میں فعال ہونا ریاست اور نہتے عوام کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم فوری طور پر کوئٹہ پہنچ کر مظلوم ہزارہ شیعہ کے غم میں شریک ہوں اور سپریم کورٹ کوئٹہ میں جاری شیعہ نسل کشی کا از خود نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر مرحلے پر مظلومین کوئٹہ کے ساتھ ہے اور اس ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔