وحدت نیوز(کراچی) کے الیکٹرک کی نا اہلی ایک اور قیمتی انسانی جان نگل گئی۔مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید علی حسین نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کل رات تقریباً 02 بجے کے وقت قدیر ہوٹل، ایف ساؤتھ واقع ضلع ملیر کراچی میں بجلی کی تار ٹوٹ کر ایک دکان پر گری ھوئی تھی علاقہ مکینوں کی جانب سے اسکی باقاعدہ کمپلین بھی کی گئی مگر کے الیکٹرک کی انسانیت سے عاری انتظامیہ نے اسکی سنگینی کا کوئی ادارک نہ کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک کے اہلکاروں کی غفلت کے سبب کرنٹ لگنے سے جعفرطیار سوسائٹی کے رہائشی غریب رکشہ ڈرائیور اپنے گھر کا واحد کفیل فواد زیدی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ مرحوم نوجوان فواد زیدی انتہائی خوش اخلاق اور محنت کش نوجوان تھا۔کے الیکٹرک کی بے حسی کا شکار اور کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے 4 کمسن بچے اور دو چھوٹے بھائی اپنے واحد کفیل سے محروم ھوگئے۔
علی حسین نقوی کہاکہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی اس مجرمانہ غفلت جس کے سبب ایک قیمتی انسانی جان کا نقصان ہوا ہے اس پر کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے خلاف قتل عمد کا مقدمہ درج کرکے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائی اور جاں بحق ھونے والے غریب رکشہ ڈرائیور فواد زیدی کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔