وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہاکہ سندھ حکومت کی گڈگورننس کےدعوے کتے کے کاٹے بچوں کی موت اور اقلیتوں پرمظالم کی صورت میں روز بے نقاب ہورہے ہیں،۔صوبائی حکومت کے بلند وبانگ دعوے زبانی جمع خرچ سے زیادہ کچھ نہیں ۔صوبائی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھاکہ سندھ میں طرز حکومت باقی صوبوں سے اچھا ہے ۔ لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سندھ میں طبی سہولیات کی فراہمی کا نظام انتہائی نا گفتہ با ہے ،گوٹھوں دیہاتوں میں کتے کے کاٹے کا انجیکشن بھی دستیاب نہیں ، شکارپور کا ایک معصوم بچہ سسک سسک کر مرگیا جس کے قتل کاذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ سندھ میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم ونا انصافی کے روز بروز بڑھتے واقعات قابل مذمت ہیں ۔ آئین پاکستان تمام شہریوں کو مذہبی اور شہری آزادی فراہم کرتا ہے ۔ گھوٹکی واقعہ کی شفا ف تحقیقات کے بعد انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے ۔ لاڑکانہ میں قتل ہونے والی ہندولڑکی کے اہل خانہ کو فوری انصاف فراہم کیا جائے ۔