وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہو چکا ہے۔ حکومت غذائی اجناس کے حوالے سے مربوط اور منظم لائحہ عمل وضح کرے۔اس حوالے سے متعلقہ حکام کی عدم توجہی پوری قوم کو کسی نئے بحران سے دوچار کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پورے ملک کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ ناجائز منافع خور اورذخیرہ اندوز عناصر ایسے مواقعوں کی تاک میں بیٹھے ہوتے ہیں۔کورونا وائرس کی وبا کے شروع ہوتے ہی ماسک،سینی ٹائزرز اور دیگر طبی سامان کی عدم دستیابی مافیاز کے متحرک ہونے کی دلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ گندم کی کٹائی سے لے کر تقسیم تک کے تمام مراحل حکومتی نگرانی میں طے پائے جانے چاہیے تاکہ کسی کو بھی آٹے سمیت دیگر اجناس کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کا موقعہ نہ مل سکے۔ لاک ڈاؤن کے باعث اس وقت سب سے زیادہ متوسط طبقہ متاثر ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے انہیں براہ راست ریلیف فراہم کیا جائے ۔ جس وقت تک ملک کے حالات معمول پر نہیں آ جاتے اس وقت تک گندم اور دیگر اجناس کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کی طرف سے پابندی لگائی جانی چاہیے تاکہ عام طبقہ مہنگائی سے بچ سکے۔