وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ ماہ صیام تزکیہ نفس کا مہینہ ہے، اس مقدس مہینہ میں اللہ تعالیٰ ہمیں موقعہ عطا کرتا ہے کہ ہم صوم و صلواۃ اور عبادات کے ذریعے اپنی اندرونی کثافتیں دور کریں، رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ اور اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی انعام ہے، محض جسمانی عبادات سے اس ماہ کی برکتوں کو مکمل طور پر نہیں سمیٹا جا سکتا بلکہ یہ مقدس مہینہ آپس کے معاملات میں صبرو تحمل رواداری، اخوت،عجز و انکساری کا بھی تقاضہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں ہمیں ایثار و قربانی کے جذبات کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیئے، سحری و افطار کے اوقات میں عزیز و اقرباء کی ضروریات کو بھی پیش نظر رکھا جائے، جو لوگ رمضان کے دنوں میں چور بازاری اور خود ساختہ مہنگائی کرتے ہیں، وہ روزداروں کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بنتے ہیں، اس طرح کے اعمال روزہ کی قبولیت میں مانع ہیں، ایسے لوگوں روزہ کے روحانی فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ روزہ محض بھوکا رہنے کا نام نہیں بلکہ اپنے تمام اعضاء کو غیر شرعی امور سے دور رکھنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبر، برداشت اور رواداری اس مقدس مہینے کے خصوصی انعام ہیں، روزے کا حقیقی لطف ان انعامات کے حصول میں ہے اور یہ تب ہی حاصل ہوتے ہیں جب نفس کے ساتھ جہاد میں ثابت قدمی اور استقامت اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عالمی وباء کرونا کے خاتم کیلئے اور وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے لئے بھی خصوصی طور پر دعا کی جائیں۔