وحدت نیوز(کراچی ) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے سیکرٹری جنرل احسن عباس رضوی کا کہنا تھا کہ موثر بلدیاتی نظام کے فقدان کے سبب شہری مشکلات کا شکار ہیں۔حکمرانوں کی نیک نیتی عوامی مسائل کے حل میں شامل نہیں۔شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر پانی، بجلی،سیوریج سمیت دیگر مسائل عوامی پریشانی ومشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ شہریوں کو بلدیاتی نظام کے بغیر لاوارثوں کے عالم میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات نے عوام کو خوف و حراس میں مبتلا کیا ہوا ہے اگر انتظامیہ ان کو مار نہیں سکتی تو پکڑ کر شہر سے باہر کسی مقام پر بند کردے۔
انہوں نے کہا شہری حکومت ضلع ملیر پر خصوصی توجہ دے ضلع ملیر میں صفائی ستھرائی کی بدترین حالت،آوارہ کتوں کی بہتات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ضلع ملیر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر تعفن اور بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں لیکن انتظامیہ خواب غفلت میں ہے۔انہوں نے کہا کہ کتے کے کاٹے سے متاثرہ شہری ویکسین کی تلاش میں اسپتالوں میں در در کی ٹھوکریں کھاتے پھرتے ہیں جب کورونا ویکسین لگوانے کیلئے حکومت ایڑی چوٹی کا زور لگا سکتی ہے کتا مار دوا اور کتے کے کاٹے کی ویکسین کا انتظام کیوں نہیں کرسکتی؟؟
سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور آوارہ کتوں کے خاتمے کے احکامات جاری کیئے جائیں اور بلدیاتی انتخابات کا حکم نامہ جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اور اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح پر منتقلی ہی مسائل کے حل کا ذریعہ بن سکتی ہے۔