وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےزیر اہتمام لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقدہ قرآن واہل بیت ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہا کہ شہید قائدپاکستان میں عالمی استعمار کی شناخت کا ہنررکھتے تھے ، دشمن کی سازشوں سے آگاہی اور ان کے مقابل کامیاب حکمت عملی کے حامل تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل بین المسالک ہم آہنگی کے لئے منعقدہ اجلاسوں کو صوبائی، ضلعی ، تحصیل سطح تک منعقد کرے تاکہ مسالک کے درمیان یکجہتی کی فضاء برقرار رہے، دشمن شیعہ سنی کے درمیان فتنہ ایجاد کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور آنے والا محرم الحرام اس کام کیلئے انتہائی مناسب وقت ہے جس کے سامنے رکاوٹ بننے کیلئے سنجیدہ قسم کے شیعہ سنی علماء کوسامنے آنا ہوگا، شہید قائد عارف حسین الحسینیؒ کا بھی یہی پیغام تھا کہ شیعہ اور سنی دو بازوں ہیں جنہوں نے مل کر اس وطن کی بنیاد رکھی۔