وحدت نیوز(کراچی) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پر ملک گیر یوم یکجہتی مظلومین کشمیر و یمن منایا گیا، اس سلسلے میں ایم ڈبلیوایم ضلع غربی کے تحت جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاؤن کے باہر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل و امام جمعہ والجماعت علامہ صادق جعفری نے کہا کہ اگر امت مسلمہ بیدار نہ ہوئی تو طاغوتی طاقتوں اور ان کے آلہ کاروں کے ذریعے انہیں ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔جو عالمی دہشت گرد تنظیمیں اسلام کے نام پر بیگناہوں کے گلے کاٹنے میں مصروف ہیں وہ یہود و نصارٰی کی ایجادکردہ ہیں۔ ہمیں ہر شخص کو اپنی صفوں سے دور کرنا ہو گا جو دین کے نام پر قتل یا تکفیر کا پرچار کرے۔ اگر مسلمان حکمت و بصیرت اور دانش سے کام لیں تو دشمنوں کی تمام چالیں ناکام ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ مظلومین کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔دنیا بھر کے مسلمان مظلومین کی حمایت میں یک زبان ہو کر ظالموں کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔کشمیر اور یمن میں جاری انسانیت سوز مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی قہر خداوندی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
اس موقع پر چیئرمین حیدرکرارؑ ٹرسٹ رضی حیدر رضوی، تذکرة المعصومینؑ ٹرسٹ کے صدر سید شاہد حسین ،رہنماء مرکزی تنظیم عزا سید افسر رضوی، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنماء امجد بیگ ،ایم ڈبلیوایم حیدری یونٹ کے ذمہ داران اور بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی اورکشمیر ویمن کے حق میں اور بھارت وسعودیہ کے مظالم کے خلاف ذبردست نعرہ بازی کی۔