وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین ضلع شرقی کراچی کی جانب سے کیتھولک گرائونڈ سولجر بازار میں 8 واں سالانہ سلسلہ معارف قرآن پروگرام جاری ہے ۔ معارف قرآن پروگرام کے14ویں روز علامہ سید کاظم عباس نقوی نے سورہ روم کی آیتوں کی تشریح بیان کرتے ہوئے کہا کہ دینی تبلیغات میں بیٹیوں کا کردار زیادہ اہم ہے ۔بیٹیوں کی اچھی تربیت کرنے والے پر جنت واجب ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ معاشرے کو الہیٰ اور دینی بنانے میں خواتین کا کردار اہم ہے ۔اولاد کی کثرت اور قبیلوں کی وجہ سے کسی کا نام باقی رہنے کا کوئی ثواب نہیں ہے ۔ابتر ہونے کا تعلق نسل سے نہیں ہے ۔البتہ گزشتہ انبیاؑ سے جو سلسلہ چلا آرہا تھا اس میں نسل کا ایک کردار رہا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ نبی ؐ کے لئے بیٹے کے نہ ہونے کا ایک زمینی امکان یہ ہے کہ اس سلسلہ کو ختم کردیا جائے ۔اس بات کی جانب اہلسنت علماء نے بھی اتفاق کیا ہے۔ امام حسن ؑ کی ولادت پر رسول خداؐ ؐنےخوشی کا اظہار کیا ۔رسول خداؐ ؐکی امام حسن ؑ سے محبت سے کوئی مسلمان انکار نہیں کرسکتا ۔امام حسن ؑ پر ذرا سی تکلیف بھی رسول خدا ؐ کو برداشت نہیں تھی ۔امام حسن ؑ رسول خدا ؐ کی نماز کے دوران ان کی پشت پر بعض دفعہ بیٹھ جایا کرتے تھے۔امام حسن ؑ نے قلم کی زد سے ثابت کردیا کہ وہ نظام جو ثقیفہ میں رکھا گیا وہ باطل تھا ۔امام حسن ؑ نے اپنی اولاد کی ایسی تربیت کی کہ آئندہ کئی سالوں تک ان کی اولادوں نے ولایت کے لئے جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھا ۔