وحدت نیوز(کراچی) کارکنان تیاری کریں مجلس وحدت مسلمین سندھ بھرمیں بلدیاتی الیکشن میں بھرپور کردار ادا کرے گی، مکتب اہل بیتؑ کے پیروکار اپنی سیاسی اجتماعی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ سیاسی میدان کو کسی صورت خالی نہیں چھوڑ سکتے ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے ایم ڈبلیوایم ضلع غربی کی پولیٹیکل کونسل سے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں شرکت اور انتخابی حکمت عملی کے تعین، موجودہ سیاسی صورتحال میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کردار اور لائحہ عمل پر ضلع غربی کراچی کی جانب سے پولیٹیکل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں صوبائی پولیٹکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین سید علی حسین نقوی،ڈویژنل سیکریٹری جنرل مولانا صادق جعفری، ڈویژنل پولیٹیکل سیکریٹری میر تقی ظفر ،ضلع غربی کراچی کے سیکریٹری جنرل کلیم رضا ، سبط اصغر زیدی،کابینہ کے دیگر ارکان کے علاوہ دیگر سینئرتنظیمی ساتھی شریک تھے۔
اس موقع پر علی حسین نقوی نے کہا کہ الحمد اللہ مجلس وحدت مسلمین ملت تشیع کی نمائندہ سیاسی ومذہبی جماعت کی حیثیت سے اپنی قومی شناخت رکھتی ہے، اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آمدہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کردار ادا کریں گے، انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ اس نے کم وقت میں اپنی سیاسی پہنچان بنائی، قابل اور باکردار امیدوار قوم کو دیئے جنہوں نے کوئٹہ ، گلگت بلتستان اور پاراچنار میں کامیابی شاندار کامیابی حاصل کرکے اپنے لوہا منوایا ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ انشاءاللہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ایم ڈبلیوایم مکمل تیاری کے ساتھ سیاسی میدان میں وارد ہوگی اور خیمے کے نشان پر عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار امیدوار میدان میں اتارے گی، قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت کا درست استعمال کرتے ہوئےمخلص اور باکردار امیدواروں کی فتح میں اپنا کردار ادا کرے۔