وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے کراچی گلستان سوسائٹی میں دو روزہ راہیان کربلا کنونشن کا انعقاد ہوا۔ کنونشن میں وحدت کانفرنس، انٹرا پارٹی الیکشن و دیگر پروگرام منعقد کئے گئے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں سندھ کے 27 اضلاع نے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی کو مجلس وحدت مسلمین سندھ کا صدر منتخب کرلیا۔
رکن مرکزی تنظیم سازی کونسل آصف رضا ایڈوکیٹ کی زیر نگرانی ہونے والے الیکشن میں رائے شماری کیلئے علامہ مختار امامی، علامہ مقصود ڈومکی اور علامہ باقر زیدی کے نام پیش کئے گئے، جس میں کثرت رائے سے علامہ باقر عباس زیدی کو منتخب کرلیا گیا۔
چیئرمین شوریٰ عالی ایم ڈبلیوایم و بزرگ عالم دین علامہ شیخ حسن صلاح الدین نے نومنتخب صوبائی صدر کے نام کا اعلان کیا اور ان سے ان کے عہدے کا حلف بھی لیا۔دو روزہ کنونشن کے اختتام پر نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے اضلاع کے ذمہ داران کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔
دو روزہ تنظیمی کنونشن میں مرکزی رہنما آصف رضا ایڈووکیٹ، رکن مرکزی شوریٰ عالی علامہ شیخ حسن صلاح الدین، علامہ باقر عباس زیدی، سید علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، چوہدری اظہر حسین، مولانا علی انور جعفری، ارشد اللہ مکتبی، فدا حسین، حیدر زیدی، عالم کربلائی، اسد عباس، ناصر الحسینی، آغا ندیم جعفری، علی احمر زیدی، میر تقی ظفر، زین رضا، فائق جاکھرانی سمیت سندھ بھر کے دیگر اضلاع کے ذمہ داران موجود تھے۔