وحدت نیوز(شکارپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شعبہ عزاداری کونسل کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی کی ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم شکار پور اصغر علی سیٹھار و دیگر تنظیمی ذمہ داران کے ہمراہ ایس ایس پی شکارپور شیراز نظیر سے ملاقات۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر تحصیل لکھی غلام شاہ کے شہر چک کے مومنین پر درج ایف آئی آر پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے ایف آئی آر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیدل چل کر چہلم شہدائے کربلا میں شامل ہونا کسی طور پر بھی غیر قانونی عمل نہیں ہوسکتا۔ اھل تشیع کی مذہبی آزادی اور عبادت کا احترام ریاستی اداروں کے فرائض میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 ربیع الاول کی شب چک سٹی میں اسیران اھل بیت علیھم السلام کی کربلا سے مدینہ منورہ واپسی کی یاد میں تاریخی عزاداری و مجلس عزا منعقد ہوتی ہے اس سلسلے میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شکارپور ضلع ماضی میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے نشانے پر رہا ہے۔ کالعدم دہشت تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی شیراز نظیر نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کو اپنا فرض اولین سمجھتی ہے۔ اس سلسلے میں ہمارا باہمی تعاون قیام امن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چک سٹی میں سالانہ مجلس عزا و عزاداری بسلسلہ واپسی قافلہ سادات اسیران شام کی سیکورٹی کے سلسلے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایس ایس پی شیراز نظیر کو اھل سنت کے ممتاز عالم دین مولانا مفتی نظام الدین شامزئی کی کتاب عقیدہ ظہور حضرت مہدی علیہ السلام کا تحفہ پیش کیا۔ ملاقات کے دوران سابق ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان کماریو بھی موجود تھے۔