وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر مولانا شیخ صادق جعفری نے بارگاہ فاطمہ انچولی میں ضلع سینٹرل کی جانب سے منعقدہ درس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صبر و رضا اور ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، خالق کائنات نے امت محمدی پر روزے اس لئے فرض کئے کہ وہ متقی بن جائیں، ہم نے ایک دن اللہ کے حضور اپنے ہر عمل کا جوابدہ ہونا ہے، لہذا اپنی زندگیوں کو اسلام کے حقیقی اصولوں کے مطابق ڈھالا جانا چاہیئے۔ اس موقع پر ڈویژن نائب صدر یعقوب شہباز، ضلع سینٹرل کے صدر مولانا ملک غلام عباس جعفری، مولانا حیات عباس و دیگر موجود تھے۔ علامہ صادق جعفری نے کہا کہ اسلام ہمیں دوسروں کی جان و مال کے تحفظ، ظالمین سے دوری، ذخیرہ اندوزی کی مذمت اور مظلومین کی حمایت کا درس دیتا ہے، روزہ خود کو محض بھوکا یا پیاسا رکھنے کا نام نہیں بلکہ اپنے نفس کے محاسبے اور دوسروں کے احساس کا نام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ایسے بھی کئی خاندان ہیں جن کے بچے مدتوں سے لاپتا ہیں، ان کے اہل خانہ ہر سال سحری و افطاری کے اوقات میں ان کی کمی کو شدت سے محسوس کرتے ہیں، حکومت ان جبری گمشدہ افراد کو بازیاب کرائے، رمضان میں کی گئی اس نیکی کا اجر کئی گنا زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرکے مہنگائی پر کسی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، اشیائے خوردونوش کو سستا کرکے اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان المبارک میں ایک دوسرے کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھا جائے اور اپنی عبادات میں وطن کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ دعا کی جائے۔