وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایات پر ایم ڈبلیو ایم نے یوم دفاع کو ”دفاع وطن“کے عنوان سے منایا۔اس سلسلے میں وحدت ہاوس کراچی میں شہدائے پاکستان کی یاد میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں صوبائی و کراچی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے چھ ستمبر کے یادگار دن پر روشنی ڈالتے ہوئے قوم کے جانبازوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوم دفاع ہماری عظمتوں اور جراتوں کے اظہار کا دن ہے۔اس روز پاک فوج کے نڈر جوانوں نے بہادری اور شجاعت کی وہ تاریخ رقم کی جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔حب الوطنی کا یہی جذبہ ملک و قوم کی سالمیت و استحکام کی ضمانت ہے۔ملک دشمن طاقتوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے آج بھی اسی قومی جذبے اورولولے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا اس وقت ہم سرحد پار سے خطرات کا سامنا تھا۔آج یہی خطرہ سرحدوں کے اندر ہے۔مخصوص فکر کے پیروکار پورے ملک کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔ان عناصر کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے 1965 کے جذبے کو دوہرانا ہو گا۔ اس وطن میں بسنے والے تمام افراد کو بلاتخصیص مذہب و مسلک برابری کے حقوق حاصل ہیں۔کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے کے عقیدے میں مداخلت کا باعث بنے۔عالمی استعماری و ظاغوتی قوتوں کی ایما پر جو عناصر اس ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں انہیں ناکامی اٹھانا پڑے گی۔قومی اخوت وحدت کا ہتھیار انہیں ذلت آمیز شکست سے دوچار کرے گا۔
تقریب میں علی حسین نقوی،علامہ صادق جعفری،علامہ مبشرزیدی،علامہ علی انور جعفری،ارشد اللہ مکتبی،حیدر زیدی،کاظم عباس،ناصر الحسینی سمیت ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔