وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے مستونگ میں زائرین کی بس پر ہونے والے بم دھماکے اور شیعہ رہنما وجاہت نقوی کی شہادت کیخلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت علامہ علی انور جعفری اور علامہ مبشر حسن نے کی۔ اس موقع پر شرکاء کی بڑی تعداد نے شیعہ نسل کشی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے سے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سانحہ مستونگ اور وجاہت نقوی کی شہادت کی ذمہ دار وہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ہیں جو ہزاروں بے گناہ پاکستانیوں کے قاتل طالبان سے مذاکرات کی بات کرکے ان کی جنایت کاریوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں، یہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنی پالیسی کو واضح کریں اور ملکی سالمیت کو چیلنج کرنے والے، پاک فوج، اولیاء کے مزارات اور بے گناہوں کا خون بہانے والے طالبان سے اظہار برات کریں ورنہ پاکستان بھر کی مظلوم عوام ان جماعتوں کو اسمبلیوں میں جانے سے روکیں گی۔
رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردوں کا راج ہے، نام نہاد آپریشن کے نام پر کئی افراد کی گرفتاریاں کرنے والے ایڈیشنل آئی جی اب تک ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے میں ناکام ہیں، وجاہت نقوی کی شہادت سندھ حکومت، پولیس اور رینجرز میں شامل کالی بھیڑوں کی طالبان دہشت گردوں سے ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ رہنماوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ صوبے بھر میں بالخصوص مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف فی الفور فوجی آپریشن کیا جائے اور کراچی میں وجاہت نقوی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔