وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کےڈپٹی سیکرٹری جنرل شہید علامہ آغا آفتاب حیدرجعفری کی دوسری برسی منائی گئی۔ برسی کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کے تمام ضلعی اورعلاقائی یونٹ میں مجلس عزااور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔مجالس عزا میں شہید آغا آفتاب حیدر جعفری کی زندگی پر روشی ڈالی گئی اور ان کی ملی و دینی خدمات پرخراج عقیدت پیش کیا گیا۔مختلف یونٹس میں خطاب کرتے ہوئے علامہ عبداللہ مطہری ،علامہ مختار امامی علامہ مبشر حسن ،مولانا نشان حیدر ساجدی ،عالم کربلائی سمیت دیگر رہنماوں نے کہا کہ آغا آفتاب حیدر جعفری کے روشن افکار آج بھی زندہ ہیں۔وہ مظلوموں کے طرفدار تھے۔ ایک طرف وہ شیعہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر زور دیا کرتے تھے تو دوسری جانب فلسطینیوں کی حمایت میں پیش پیش تھے۔فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں اور پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج برپا کرنے والے ذاکرین اہل بیت ؑ کی نمائندگی کیا کرتے تھے۔نوجوان طبقہ ان سے خاص انسیت رکھتا تھا۔ان کی انقلابی شخصیت اور سامراج ستیز کردار کی وجہ سے دشمنان دین و ملت کی نظروں میں کھٹکتے تھے۔ان کی حق گوئی اور میدان عمل میں حسینی کردار ادا کرنے پر دشمن بوکھلاگیا تھااور دشمنان دین و ملت کے پاس ان کے دلائل اور منطقی موقف کا کوئی جواب نہیں تھا اسی لئے حق بولنے والی آواز خاموش کرنے کے لئے انہیں بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔دشمنوں کے بغض و کینے کا ثبوت گولیوں کی وہ بوچھاڑ تھی جو قاتلوں کے ہتھیاروں سے درجنوں کی تعداد میں نکلیں۔اور ذاکر اہل بیت آغا آفتاب حیدر جعفری نے سنت حسینی ؑ ادا کرتے ہوئے زخموں سے چور چور ہوکر جام شہادت نوش کیا۔مقررین نے کہا کہ شہید کی یاد منانا بھی کسی اعزاز سے کم نہیں اور فکر شہید علامہ آفتاب حیدر جعفری آج بھی ملت کے درمیان موجود ہے ۔ان کے افکار دیگر ذاکرین و زعمائے ملت کے لئے بھی مشعل راہ ہے۔