وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی میں بڑھتی ہوئی شیعہ نسل کشی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔ ریلی کا آغاز مسجد خیرالعمل انچولی سے کیا گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی شاہراہ پاکستان پہنچی جہاں شرکاء نے کاحتجاجی دھرنا دیا۔ ریلی میں بڑی تعداد میں شیعیان حیدر کرار (ع) نے شرکت کی اور نواز شریف کی وفاقی حکومت اور سندھ حکومت میں شامل تمام جماعتوں کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مبشر حسن،علی حسین نقوی، علامہ نثار قلندری، علامہ جعفر رضا نقوی، انجینئر رضا نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ کراچی جو کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور ایک ایسا شہر ہے کہ جو پاکستان کے لئے عالمی شناخت رکھتا ہے، ایسے شہر میں منظم منصوبہ بندی کے تحت شیعہ افراد کی نسل کشی قابل مذمت ہے، سندھ حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتوں نے بھی شیعہ نسل کشی پر اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ کالعدم جماعتوں کے تکفیری دہشت گرد سیاسی جماعتوں کی چھتری تلے کام کررہے ہیں،شیعہ نسل کشی کیخلاف اقدامات نہ کئے گئے تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ کراچی میں موجود سیاسی و مذہبی جماعتوں کو شہر میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، شہر کراچی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں ڈاکٹرز، وکلاء،تاجر برادری،طلباء و دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ شہر کی معاشی رگ کو کاٹنے کی سازش ہے، مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے اور کسی بھی صورت ملک کو طالبان دہشت گردوں کے حوالے نہیں ہونے دے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں بھی فقط بیان بازی کے بجائے عملی طور پر کراچی میں دہشت گردی اور شیعہ نسل کشی پر اپنی آواز بلند کریں تاکہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کو کاٹنے کی سازش کو ناکام بنایا جاسکے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی عرصے سے مقامی ٹی وی چینلز پر اہل رسول (ع) کی شان میں گستاخی میں کئی واقعات رونما ہوئے ہیں، پیمرا اور وزارت اطلاعات کو چاہیئے کہ ان واقعات کا نوٹس لے اور خاموش تماشائی بننے کے بجائے اپنا کردار ادا کرے اور اس طرح کے اقدامات کرے کہ آئندہ کسی بھی چینل کو توہین اہل بیت (ع) کی جرات نہ ہوسکے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں بالخصوص کراچی میں شیعہ نسل کشی کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور شہداء کے قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔