وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختوانخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے قائد اعظم کے 144ویں یوم ولادت کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دے کر قائد اعظم کا حقیقی پاکستان معرض وجود میں آسکتا ہے۔ انتہا پسند گروہ اور تکفیری طاقتیں قائد کے پاکستان کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے جس وطن کے حصول کے لیے شبانہ روز جدوجہد کی آج اس کی عملی شکل دکھائی نہیں دیتی۔قیام پاکستان سے لے کر اب تک سازشی عناصر قومی سلامتی اور ملکی سالمیت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔عالمی طاقتیں ہماری خود مختاری پر کاری ضرب لگانے پر تُلی ہوئی ہیں ۔بین الاقوامی تعلقات میں آزادنہ خارجہ پالیسی اختیار کرنے کی بجائے بیرونی ڈکٹیشن پر عمل کرنے کے لیے ہم پر ہر دور میں دباؤ ڈالا جاتا رہا جس سے قومی وقار کو ٹھیس پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ قائد کے پاکستان کی تعمیر و تشکیل کے لیے ابھی بے پناہ محنت کی ضرورت ہے جس کے لیے قوم کو پوری لگن اور ولولے کے ساتھ اپنی اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنا ہوگا۔ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تعلیم کے میدان میں زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی و عصبیت کے خاتمے کے لیے فکر و شعور کی بلندی اولین شرط ہے۔ پوری قوم آگہی کی ہتھیار سے ملک دشمن قوتوں کی سرنگوں کر سکتی ہے۔انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک پاکستان سے لے کر اب تک قومی ترقی میں مسیحی برادری کا نمایاں کردار رہا ہے۔ آج بھی ملکی حمیت کی بات ہو یا قومی وقار پر کوئی آنچ آتی ہو مسیحی برادری ملک و قوم کا دفاع کرنے میں پیش پیش نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں بسنے والے تمام طبقات کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور تمام مذاہب کی بنیادی تعلیم ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنا ہے۔