وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا اور سنی تحریک نے صوبہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور شدت پسندی، دہشتگردی و فرقہ پرستی کیخلاف مشترکہ طور پر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے وفد کی سنی تحریک کے صوبائی سربراہ انعام الحق قادری کیساتھ ملاقات کے دوران ہوا۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات عدیل عباس زیدی اور صوبائی آفس مسئول ارشاد حسین بنگش شامل تھے۔ اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے نائب صدر سید محمد اور سہراب علی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبہ کے حالات اور سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ دونوں جماعتوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ راولپنڈی واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش اور ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کا حصہ تھا اور فرقہ پرست جماعت نے اسے ملک میں فساد پھیلانے کیلئے کیش کرنے کی کوشش کی۔
ملاقات کے دوران ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات عدیل عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ملک میں شیعہ، سنی کے مابین دوریاں پیدا کرنے اور ایک خاص سوچ کو پروان چڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ شیعہ، سنی نے جس طرح ملکر پاکستان بنایا تھا اسی طرح اس ملک کو بچائیں۔ جس کیلئے شیعہ، سنی وحدت کو فروغ دینے اور فرقہ پرست قوتوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ اس موقع پر سنی تحریک کے صوبائی سربراہ نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ صوبہ کے مخصوص حالات کے پیش نظر ہمیں ایک ساتھ چلنا ہوگا، اور ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے شیعہ، سنی اتحاد کو فروغ دینے کیلئے ہم مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر آئی ایس او کے ڈویژنل نائب صدر سید محمد نے انعام الحق قادری کو 11 دسمبر کو منعقد ہونیوالے یوم حسین (ع) پروگرام میں شرکت کی دعوت بھی دی۔