وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کوئٹہ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے پشت پر کھڑی ہے۔سمنگلی اور خالد ائیر بیس حملے میں 12دھشت گردوں کی ہلاکت کے بعد پاک فوج اورریاستی ادارے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میںآپریشن ضرب عضب کے بھگوڑوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کا آغاز کریں۔ اور دہشت گردوں کے ٹریینگ کیمپس اور محفوظ ٹھکانوں کا مکمل صفایہ یقینی بنائیں۔
انہوں نے لاکھوں انسانوں پر مشتمل انقلاب اورآزادی مارچ کے منتظمین کومکمل طورپر، پر امن رہنے پرمبارکباد دی۔لاکھوں انسانوں کے جم غفیر نے پر امن طور پرمارچ کرکے حکومت کے تمام جھوٹے الزامات کو غلط ثابت کر دیا۔انہوں نے نواز لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی کے بھائی پومی بٹ کی جانب سے آزادی مارچ کے شرکاء اور تحریک انصاف کے قائد عمران خان پر حملے اور پتھراؤ کو شر انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن لانگ مارچ کے شرکاء پر بلا جواز حملہ انتہائی گھٹیا حرکت اور شر انگیزی ہے۔ نواز لیگ گلو بٹ اور پومی بٹ کے ذریعے عوامی سیلاب کو نہیں روک سکتے۔ نواز شریف اور جعلی انتخابات کی ذمہ دار الیکشن کمیشن ،جتنا جلد استعفیٰ دیں، قوم و ملک اور جمہوریت کے حق میں بہتر ہوگا۔ استعفیٰ کا مطالبہ آئینی ہے جس سے ملک میں جاری سیاسی بحران کا خاتمہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سسٹم میں بنیادی اصلاحات تبھی ممکن ہیں ،جب آئین کی آرٹیکل 63,62 پر عمل در آمد ہو۔جعلی ڈگری، زر ، زور اور تزویر کے ذریعہ پارلیمنٹ میں پہنچنے والے افراد قوم کی کوئی مشکل حل نہیں کر سکتے ،بلکہ یہی عناصر قوم کی اصل مشکل ہیں۔ لہذا انقلابی اصلاحات کے بغیر جعلی جمہوریت فقط مراعات یافتہ طبقے سردار، وڈیرے اور چوہدری کے مفادات کی محافظ ہے۔ جہاں باکردار اور صالح افراد کا ورود ممنوع بنا دیا گیا ہے۔ آئین کی معطل شقوں کی بحالی اور انقلابی اصلاحات کا وقت آن پہنچا ہے۔ اور قوم اب دوراہے پر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بادشاہوں سا مزاج رکھنے والے حکمران ، بزور طاقت عوامی احتجاج کو روکنے سے اجتناب کریں۔ انقلاب مارچ کے شرکاء پر امن ہیں، لہذا حکمران گلو بٹ کا ڈرامہ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن دہرانے سے اجتناب کریں۔ انقلاب مارچ کو وسیع پیمانے پر عوامی تائید اور حمایت حاصل ہے، حکمرانوں کے الزامات اور دہمکیوں سے ہم مرعوب نہیں ہوں گے۔ ایم ڈیلیو ایم کے کارکن قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں انقلاب مارچ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔