وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بھٹو کے دیس کے غریب عوام، آج بھی روٹی،کپڑا،اور مکان کے لیے پریشان ہیں،نصف صدی گذر جانے کے باوجود عوام کی حالت بہتر کی بجائے بد ترہوئی ہے۔ عوام یہ سوچنے پر مجبور ہے کہ غریب قوم کے حکمران آخر دیکھتے ہی دیکھتے کھرب پتی کیسے بن گئے،جبکہ ملک کے غریب شہری آج بھی غربت اور کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی اور سول اور فوجی حکمرانوں کو اپنے اثاثے قوم کے سامنے لاتے ہوئے احتساب کے لیے تیار ہونا چاہیے۔
انہو ں نے الیکشن کمیشن کی طرف سے منتخب ممبران کے اثاثوں کی تفصیل ویب سائیٹ پہ شایع نہ کرنے کے فیصلے کو افسوس ناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نیب ملک میں احتساب کا شفاف نظام دینے میں ناکام ہوچکا ہے ،اس وقت ملک کو ایسے طاقتور اور شفاف ادارے کی ضرورت ہے جو تمام مصلحتوں سے بالا تر ہوکر ملک کو کرپشن کی لعنت سے نجات دے سکے ۔